اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں جوڈیشل افسران کو بطورریٹرننگ افسران لگانے اور ہر حلقے کےلئے الگ ریٹرننگ افسر کی شرط ختم کرنے کی تجویز دے دی۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی سے متعلق حکومت کو بھجوائی گئی سفارشات میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے جوڈیشل افسران کی بطور آر او فراہمی یقینی بنائے۔
الیکشن کمیشن سفارشات کے مطابق تمام ہائیکورٹس کو انتخابات کیلئے جوڈیشل افسران کی فراہمی کیلئے پابند کیا جائے.
الیکشن کمیشن کا اپنی سفارشات میںکہنا ہے کہ جوڈیشل افسران کو قانون اور انتخابی امور کی زیادہ آگاہی ہوتی ہے، گزشتہ انتخابات میں بیوروکریسی سے آئے افسران کی الیکشن ڈیوٹی کےلئے دستیابی مشکل رہی۔
الیکشن کمیشن نے ہر حلقے کےلئے الگ ریٹرننگ افسر کی شرط ختم کرنے کی بھی تجویز دیتے ہوئے کہا ہر حلقہ کےلئے الگ ریٹرننگ افسران کی تعیناتیوں سے مسائل پیدا ہوئے، قومی اسمبلی کے نیچے متعلقہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے ایک ہی آر او کی اجازت ہونی چاہیے.
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی سے متعلق سفارشات حکومت کو بھجوا دیں۔
خیال رہے کہ سال 2018ء میںآخری مرتبہ قومی انتخابات عدلیہ کی زیر نگرانی ہوئے تھے، تاہم اس کے بعد ہونے والے تمام ضمنی انتخابات اور قومی انتخابات الیکشن کمینش کے زیر نگرانی ہی ہوئے ہیں.