اسلام آباد:پولیس کی جانب سے گزشتہ رات کی گئی کارروائی میںوزارت داخلہ کے احکامات پر اسلام آباد میں غیرسرکاری تنظیم پتن کے دفتر کو سیل کر دیا گیا۔
ذرائع وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق پتن ایک غیرسرکاری تنظیم تھی،جو انتخابات کی مانیٹرنگ کرتی تھی.یہ تنظیم جون 2019ء میں تحلیل کر دی گئی تھی اور اس فیصلے کو کسی بھی فورم پر چیلنج نہیں کیا گیا تھا.تاہم اس کے باوجود تنظیم کی جانب سے سرگرمیاں جاری رہی ہیں،جس پر حکام نے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کامزید بتانا ہےکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آفیسر کے حکم پر دفتر کو سیل کر دیا ہے،کیونکہ قانون کے مطابق جو تنظیمیں تحلیل کر دی جاتی ہیں، ان کا کام جاری رکھنا غیرقانونی فعل شمارہوتا ہے، اس بارے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری احکامات کی روشنی میں دفتر کوسیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تاہم ابھی تک اس حوالے سےپتن تنظیم کے کسی بھی عہدیدار کا مؤقف سامنے نہیں آ سکا،دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تنظیم کو اپنے دفتر کوسیل کئے جانے پر کوئی اعتراض ہو تو وہ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ یاوزارت داخلہ کے متعلقہ دفتر اورکسی متعلقہ عدالت سے بھی رجوع کر سکتی ہے۔