نمائندگان: ڈیرہ غازی خان میں تونسہ کے مقام پر سیلابی صورتحال سے متاثرین پریشان ہیں اور انہوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ کسی نے بھی ان کی مدد نہیں کی اور وہ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہےکہ تونسہ اور لیہ کے سیلابی علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کردیے ہیں۔
دریائے سندھ میں حضرو کے گاؤں شینکہ کے مقام بیلا پر خطرناک سیلابی صورتحال ہے اور 5 خاندان سیلاب میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر آزاد کشمیر کی تحصیل تراڑ کھل اور اعوان آباد میں مسلسل بارشوں سے شہر کو ملانے والی سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو گئیں جب کہ برساتی نالے میں پنتھل پل بہہ گیا جس کے باعث پلندری سے دیگر علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
علاہ و ازیں 2 روز قبل اسلام آباد میں آنے والے سیلابی ریلے میں گاڑی سمیت بہہ جانے والے باپ بیٹی میں سے باپ کی لاش مل گئی اور بیٹی کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی مجموعی تعداد 252 ہوگئی۔
ملک بھرمیں موسلا دھاربارشوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے، 26 جون سے 23 جولائی تک اموات کی تعداد 252 ہوگئی ۔ 611 افراد زخمی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد جان سے گئے، جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 139 اموات ہوئیں، خیبرپختونخوا میں 60، سندھ میں 24 اور بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق ہوئے۔ آزاد کشمیر میں 2 اور اسلام آباد میں 6 افراد جان سے گئے۔مالی نقصانات میں تقریباً 1005 گھر تباہ ہوئے، 328 مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے، اور 12 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان میں سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیدیا۔ شاہراہ قراقرم اور ناران، بابوسر، چلاس شاہراہ کی بحالی کی ہدایت کردی۔ کہا آنے والے مون سون اسپیلز کیلئے این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔ پھنسے ہوئے سیاحوں کو رہائش اور خوراک سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات انتہائی ضروری ہیں ۔ سی ون تھرٹی طیارہ آج علاقے میں پھنسے سیاحوں کو اسلام آباد لائے گا۔