ملتان:تحصیل جلالپورپیروالہ اورشجاع آباد میں سیلاب کی تباہ کاریاں تاحال جاری ہیں، سیلاب کے باعث جلالپورپیروالہ موٹروے انٹرچینج ، شجاع آباد سے جھانگڑہ اوچشریف تک موٹروے ایم 5 تاحال بند ہے.
جلالپورپیروالہ میں دریائے ستلج کا پانی موٹروے کےنیچے سے گزرنے سے بریچنگ کا خدشہ ہے، دریائے ستلج کا سیلابی ریلہ تباہی مچاتے ہوئےلودھراں روڈ پر کوٹلہ موڑ تک پہنچ گیا. دریائے ستلج کے سیلابی ریلہ سےموضع کنہوں اور اس کے اردگرد موجود تمام دیہات ڈوب گئے۔
سیلاب سے نئے متاثرہ علاقوں میں نقل مکانی جاری ہے۔دریائے چناب کے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں ایک فٹ سے 2 فٹ تک پانی کی کمی ،تاہم سیلابی صورتحال برقرارہے، ادھرشجاع آباد میں بھی دوندو والا بند میں شگاف تاحال پرنہیں کیا جاسکا ہے. جس کی وجہ سے پانی مسلسل تباہی پھیلا رہا ہے.
پولیس حکام کے مطابق جلالپور پیروالا کے قریب سیلابی پانی میں ملتان سکھر ایم فائیو (M-5) موٹروے کا ایک حصہ بہہ گیا جس کے بعد موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔حکام کے مطابق اوچ شریف روڈ پر شگاف سے موٹروے کو شدید نقصان ہوا، این ایچ اے نے موٹروے پل کی مرمت کی کوشش کی مگر تیزبہاؤ کے باعث کام روک دیا گیا۔
حکام کے مطابق جلالپور شہر کو بچانے والے بند پر پانی کا دباؤ مسلسل کم ہو رہا ہے جبکہ دریائےچناب کے پانی میں کمی ہونے کے بعد شجاع آباد کے کئی زیرِ آب علاقوں میں بھی پانی اترنے لگا ہے۔ دوسری جانب اوچ شریف روڈ کے شگاف سے درجنوں بستیاں متاثر ہوئیں جب کہ لوگوں کو اور املاک کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔