کھٹمنڈو: پاکستانی ریسلر اطہر زاہد نے بھارتی حریف سمرت ویرندر کو شکست دے کر عالمی چیمپئن شپ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔
29 سالہ پاکستانی پروفیشنل ریسلر اطہر زاہد نے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں عیدالاضحیٰ کے روز منعقدہ عالمی ریسلنگ گرینڈ ایونٹ میں بھارتی ریسلر سمرت ویرندر کو شکست دے کر انٹرنیشنل چیمپئن شپ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔
اطہر زاہد نے اپنی جیت عید کے دن پاکستانی قوم کے نام کردی۔
اطہر زاہد نے فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پاکستان اور اس کے 25 کروڑ عوام کے لیے عید کا تحفہ ہے، میں عید کے موقع پر اپنے گھر اور خاندان سے دور تھا لیکن یہ سب پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لیے کیا۔
خیال رہے کہ اطہر زاہد نے گزشتہ برس بھی اس چیمپیئن شپ میں فتح اپنے نام کی تھی اور اس برس بھی کامیابی سے دفاع کیا ہے.