ابوظہبی: پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس میں ویزہ فری انٹری، مشترکہ سرمایہ کاری ٹاسک فورس اور مصنوعی ذہانت کے معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا 12 واں اجلاس ابوظہبی میں ہوا جس کی صدارت وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید نے کی۔
مشترکہ کمیشن نے تجارت، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور دونوں ممالک میں بین الوزارتی رابطہ کاری کوفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا نیز دونوں ممالک میں ڈپلومیٹک ویزہ استثنیٰ اور مصنوعی ذہانت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے، جبکہ پاک امارات مشترکہ کمیشن کا 13واں اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس حوالےسے دفتر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جب کہ خوراک، موسمیاتی تبدیلی، ریلوے، صحت اور افرادی قوت کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ویزا فری انٹری معاہدہ، مشترکہ سرمایہ کاری ٹاسک فورس اور مصنوعی ذہانت کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق ان معاہدوں سے نئے کاروباری مواقع پیدا ہونے کے ساتھ دونوںممالک کے شہریوںکو بھی فوائد حاصل ہوںگے.