ملتان: لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کے نقول کے حصول کے لئے فنانس بل کے تحت عائد کی گئی کورٹ فیس میں کمی پر وکلاء نے جشن منایا اور اسے ملتان سے شروع ہونے والی ایک اور تحریک کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے.
حکومت پنجاب کی جانب سے مقدمات کی نقول کے حصول کے لئے عائد کی گئی فیسوں اور اس کے نفاز میں جنوبی پنجاب سے امتیازی سلوک کے خلاف 4 ماہ قبل ملتان سے سابق صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید ریاض الحسن گیلانی نے تحریک کا آغاز کیا تھا. جس میںاحتجاج کرنے کے ساتھ صدر مملکت کو بھی خط لکھا گیا، جس پر گورنر پنجاب کو مسئلہ حل کرانے کی ہدایت کی گئی تھی.
تاہم گزشتہ روز پنجاب حکومت کے بورڈ آف ریونیو کی جانب سے یکم اگست 2025ء کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتوں میں مختلف اقسام کی فیسوں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ Court Fees Act, 1870 کے تحت کیا گیا ہے اور اس پر فوری طور پر عملدرآمد ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیریل نمبر 5، شق (ب) کے تحت:فیصلے یا حکم نامے کے حصول کی فیس 500 روپے سے کم کر کے 100 روپے کر دی گئی ہے،جبکہ فیصلہ یا حکم نامہ بمعہ دستاویزات کی فیس 500 روپے سے کم کر کے 150 روپے مقرر کی گئی ہے۔سیریل نمبر 6 کے مطابق:شق (ا)، ذیلی شق (ii) اور شق (ب) دونوں کی فیس 500 روپے سے کم کر کے 100 روپے کر دی گئی ہے۔ سیریل نمبر 8 میں:کالم نمبر 3 میں درج "فی صفحہ دس روپے” کے بعد ایک نیا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ فیس 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے منظر عام پر آنے پر وکلاء ممبر پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ اور سابق صدور ہائیکورٹ بار محمود اشرف خان کی قیادت میں ڈسٹرکٹ بار روم میںاکٹھے ہوگئے. اس موقع پر وکلاء نے نعرے لگانے کے ساتھ مٹھائی بھی تقسیم کی اور کہا کہ ملتان سے جائز حقوق کے لئے شروع ہونے والی کوئی بھی تحریک بالخصوص وکلاء تحریک ناکام نہیںہوئی اور آج جنوبی پنجاب کے وکلاء اور سائلوں کے حق کے لئے شروع کی گئی تحریک کو بھی تاریخی کامیابی ملی ہے.
اس موقع پر وکلاء ملک محبوب سندیلہ، نشید عارف گوندل، زاکر حسین نقوی، ملک محمد اکرم بھٹی، رانا معراج خالد، محمد ندیم کانجو، محمد خالد فاروق، شاہد سلطان اور دیگر نے سابق صدر ہائیکورٹ بار ملتان سید ریاضالحسن گیلانی کو مبارکباد پیش کی اور انہیںپھولوںکے ہار پہنانے کے ساتھ مٹھائی بھی کھلائی.
سید ریاض الحسن گیلانی کا کہنا تھا کہ انہوںنے اس سے قبل بھی جنوبی پنجاب کے وکلاءاور سائلوں کے معاشی حالات کے پیش نظر سپریم کورٹ کے مقدمات کی ملتان میں ویڈیو لنک سماعت کے لئے کاوشیں کیںاور لانگ مارچ کے ساتھ دھرنا بھی دیا.اس طرحکورٹ فیس میںامتیازی سلوک کے خلاف بھی تحریک شروع کی، جس میںملتان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کی متعدد بار ایسوسی ایشنز نے اظہار یکجہتی کیا. جس پر وہ سب ساتھ دینے والوں کے شکر گزار ہیں اور آئندہ بھی جنوبی پنجاب کے حقوق کے تحفظ کے لئے میدان میںرہیںگے.