Untitled 2025 08 05T220937.487

ہائیکورٹ بار ملتان نے 500 روپےکورٹ فیس ختم ہونے پر جشن کااعلان کر دیا

ملتان: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے میٹنگ اور کورٹ فیس 500 روپے کی واپسی کے سلسلہ میں کل مورخہ 6 اگست 2025ء کو ساڑھے 11 بجے دن ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد اظہر خان مغل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے.

اس موقع پر بار روم میں جشن اور خوشی منائی جائے گی اور مٹھائی تقسیم کی جائے گی.

قبل ازیں‌ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد صدر محمد اظہر خان مغل، جنرل سیکرٹری صفدر سرسانہ سیال سابق صدر ملک سجاد حیدر میتلا اور بلال ابرار ارائیں نے ملاقات کی.

انہوں نے ملاقات میں چیف جسٹس کو ہائیکورٹ بار ملتان کو درپیش مسائل اور بالخصوص نقل فارم کے ساتھ 500 روپے کورٹ فیس کی وصولی میں‌امتیازی سلوک سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اسے ختم کیا جائے.

جس پرچیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس فیس کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں ہونا چاہئیے، جس سے بارز اور وکلاء کسی پریشانی کا شکار ہوں. ہم وکلاء اور سائلین کو سہولتیں دینے کے لئے بیٹھے ہیں اور دن رات اس کے لئے کوشاں ہیں.

صدر محمد اظہر خان مغل، جنرل سیکرٹری صفدر سرسانہ سیال، سابق صدر ملک سجاد حیدر میتلا اور بلال ابرار ارائیں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پر امید تھے کہ آپ ہماری درخوست پر ہمدردانہ غور فرماکر شفقت کریں گی، جس پر ہائیکورٹ بار ملتان آپ کی شکر گزار ہے.

اس موقع پر وفد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ملتان بار آمد کی دعوت دی انہوں نے جلد ہائیکورٹ بار ملتان کے دورے کا یقین دلایا.

اپنا تبصرہ لکھیں