ملتان: کمشنر ملتان عامر کریم خان نے نیو شاہ شمس کالونی میں ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز کی جانب سے نصب کردہ جدید آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح،محسنِ ملتان چوہدری ذوالفقار علی انجم کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے کمشنر ملتان کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے۔ کمشنر ملتان نے ربن کاٹ کر پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کے بعد دعا بھی کرائی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ ارقم نے حاصل کی۔ بعدازاں، تقریب کے شرکاء کو پراجیکٹ انچارج آر او پلانٹ زین العابدین نے پلانٹ کی گنجائش اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے، "میڈیا اور سامعین کو بتایا گیا کہ اس آر او پلانٹ میں سیلف کلیننگ (Self-Cleaning) اور بیک واش (Backwash)سسٹمز موجود ہیں، جو فلٹرز کی خودکار صفائی کرتے ہیں اور پلانٹ کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں۔جدید آر او پلانٹس میں پانی کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے جدید ریفلو سسٹم (Reflow System) شامل ہے، اس میں ملٹی اسٹیج فلٹریشن سسٹم لگا ہوا ہے۔اس پلانٹ میں خودکار سینسرز اور ڈیجیٹل کنٹرول سسٹم لگا ہوا ہے، جو پانی کی کوالٹی کو مانیٹر کرتے ہیں اور خود بخود فلٹریشن کا عمل جاری رکھتے ہیں۔ جدید آر او پلانٹس میں مینرل ریمینرلائزیشن (Mineral Remineralization) ٹیکنالوجی موجود ہوتی ہے، جو صاف پانی میں ضروری معدنیات شامل کر کے اسے صحت بخش بناتی ہے۔ شہریوں کو آگاہ کیا گیا کہ اس آر او پلانٹ کے پانی میں ٹی ڈی ایس 224، پی ایچ 7 اور آرسینک کی مقدار 0.005 پی پی ایم ہے، جو اسے نہایت اعلیٰ معیار کا پانی بناتی ہے۔
چیئرمین ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز، ذوالفقار علی انجم نے کمشنر ملتان اور معزز مہمانوں کو آر او پلانٹ کی جدید سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں پانی 15 گھنٹے دستیاب ہے، اسے ضرورت کے پیش نظر پانی کی فراہمی 24 گھنٹے کر دی جائے گی۔یہاں نوزل سسٹم کی سہولت ہے، عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچے اپنی گاڑی میں رکھے برتنوں کو نوزل سسٹم کے ذریعے اپنے برتن میں پانی بھر سکتے ہیں، جس کے لیے برتن کو گاڑی سے اتارنے کی ضرورت نہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز، چوہدری ذوالفقار علی انجم نے ملتان انتظامیہ کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے خاص طور پر سابق کمشنر ملتان مریم خان، ڈی جی ایم ڈی اے، ایم ڈی واسا خالد رضا خان اور واسا کے سینئر انجینئر عبدالسلام کی خدمات کو سراہا۔
چوہدری ذوالفقار علی انجم نے کمشنر ملتان کی موجودگی کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق ملتان سے ہونے کے باعث عوام کی خدمت کا جذبہ اور بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر اس رفاہی منصوبے کا افتتاح ایک خوش آئند لمحہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صاف پانی ایک بنیادی ضرورت ہے، اور ہمارا عزم ہے کہ ہم اپنے شہر کے عوام کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کریں تاکہ ہمارے بچے ایک صحت مند ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پلانٹ کی حفاظت کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ اس فلٹریشن پلانٹ کے بجلی کے بل، آپریٹر کی تنخواہ اور کیمیکل کے تمام اخراجات ایس ایم فوڈ گروپ برداشت کرے گا تاکہ شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
چوہدری ذوالفقار انجم نے کہا کہ یہ آر او واٹر فلٹریشن پلانٹ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔جو پانی میں موجود تمام نقصان دہ جراثیم، بیکٹیریا، وائرس، کیمیکلز اور آلودگی کو مؤثر طریقے سے ختم کرتا ہے۔ نوزل فلنگ سسٹم، یہ جدید سہولت بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہے، کیونکہ اس کے ذریعے بغیر برتن اتارے گاڑی میں رکھے برتنوں کو براہ راست نوزل سسٹم کے ذریعے بھرا جا سکتا ہے۔
آخر میں، چوہدری ذوالفقار علی انجم نے کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور دیگر انتظامیہ کے افسران و تقریب میں شریک شہریوں اور ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز کے افسران کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ عوام کے لیے طویل المدت فوائد فراہم کرے گا۔چوہدری ذوالفقارعلی انجم نے کمشنر ملتان کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نےتقریب کے میزبان چوہدری ذوالفقار علی انجم کا شکریہ ادا کیا اور شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی میں بطور ڈپٹی کمشنر ملتان میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب کمشنر کے طور پر فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے اجلاسوں میں جب بھی رفاہ عامہ اور مخیر حضرات کے منصوبوں کا تذکرہ ہوتا ہے تو چوہدری ذوالفقار علی انجم کا نام ہر نشست میں سب سے پہلے لیا جاتا ہے۔ ایسے صاحبِ ثروت افراد کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنی دولت کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرتے ہیں۔
کمشنر ملتان نے اس موقع پر کہا کہ یہ آر او فلٹریشن پلانٹ اب نہ تو انتظامیہ کی ملکیت ہے اور نہ ہی چوہدری ذوالفقار علی انجم کا ذاتی اثاثہ، بلکہ یہ آپ سب کے لئے وقف ہے، یہ آپ کا قیمتی سرمایہ ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کریں تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں کئی صاحبِ حیثیت افراد موجود ہیں، مگر رفاہ عامہ کے کاموں میں جو جذبہ چوہدری ذوالفقار علی انجم رکھتے ہیں، وہ مثالی ہے۔
انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں کہ چوہدری ذوالفقار جیسی شخصیت آپ کے درمیان موجود ہے،آپ ان کی قدر کریں۔کمشنر ملتان نے آر او پلانٹ کے جدید ڈیزائن، صفائی ، کارکردگی اور ماحول کی تعریف کرتے ہوئے اس منصوبے کو عوامی فلاح کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے کمشنر آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔
تقریر کے بعد کمشنر ملتان نے آر او پلانٹ کے مخصوص سہولت سسٹم کے ذریعے برتن میں پانی بھر کر اس کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور اس پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔پلانٹ کی مشینری کو قریب سے دیکھا اور میڈیا سے بات چیت کی، بعد ازاں، چوہدری ذوالفقار علی انجم اور شہریوں کی بڑی تعداد نے انہیں پرتپاک انداز میں الوداع کہا۔مقامی تھانہ شاہ شمس پولیس اور ڈی ایس پی ٹریفک قذافی موقع پر موجود رہے.
اس موقع پر عوامی مطالبہ بھی سامنے آیا کہ نیو شاہ شمس کالونی سی بلاک میں واقع پارک ( محمدی گراونڈ) کو بحال کیا جائے، اس میں گھاس اور پودے لگائے جائیں۔ شہریوں نے تجویز دی کہ اگر انتظامیہ اجازت دے تو مخیر حضرات اس کارِ خیر کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔