نمائندگان: لاڑکانہ میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی ذہنی معذور بچی دوران علاج دم توڑ گئی جبکہ ملزم پولیس کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق رتو ڈیرو کے علاقے میں گزشتہ روز 12 سالہ ذہنی معذور بچی کے ساتھ 3 افراد نے جنسی زیادتی کی تھی۔
زیادتی کا شکار بچی آج صبح ٹراما سینٹر میں دوران علاج دم توڑ گئی جبکہ اسی دوران پولیس نے زیادتی میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی، اس دوران مرکزی ملزم اپنے ساتھیو ں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزم کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ضلع کوٹ ادو کے علاقہ میں کینو توڑنے کے انتقام میں 5 سالہ بچی کو باندھ کر حبس بے جا میں رکھنے پر زمیندار گرفتار، مقدمہ درج کر لیا گیا.
ایس ایچ او صدر سرور شہید عرفان فیض نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ ڈاکٹر رضوان احمد خان کی خصوصی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے بر وقت کارروائی کی.
پولیس کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید کے علاقے میں نذر حسین نے 5 سالہ نازیہ بی بی کو اپنے باغ سے کینو توڑنے کے الزام میں باندھ رکھا تھا، 15 کی کال پر ایس ایچ او نے فوری ریسپانس کرتے ہوئے ہوئے بچی کو بازیاب کرا کے ملزم کیخلاف فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو پابند سلاسل کر دیا۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ صدر سرور شہید عرفان فیض کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ پولیس کسی بھی صورت میں عوام کے ساتھ ظلم اور نا انصافی برداشت نہیں کر سکتی۔ عوام کو انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔