ملتان:مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے گردوں کے موذی مرض میں مبتلا مریضوں حلیمہ سعدیہ،سدرہ،عمران،حاجی دلشاد،فہیم اختر ودیگر نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تجاوزات مافیا کے خلاف اقدامات خوش آئند ہیں،مگر وہ انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے بھی سنجیدگی سے کردار ادا کریں اورانہیں موت کے منہ میں پہنچانے سےروکاجائے.
شرکاٰء کا کہناتھا کہ ملتان میں جنوبی پنجاب کے بڑے ہسپتال نشتر میں دور دراز سے آنے والے گردوں کے موذی مرض میں مبتلا سینکڑوں مریض ڈائیلسز کی ناقص مشینوں اور ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید پریشانی سے دوچار ہیں جن کے لیے مہنگے داموں علاج کرانا ناممکن ہے گزشتہ دو ماہ سے صحت کارڈ کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے دوسری جانب نشتر انتظامیہ کی جانب سے جھوٹی تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا جا رہا ہے.
مریضوںنے پریس کانفرنس میںانتباہ کیاکہ اگر گردوں کے مرض میں مبتلا کسی مریض کو خدانخواستہ کچھ ہو گیا، تو اس کی ذمہ دار حکومت پنجاب ہو گی. انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال میں ڈائیلسز کی مشینوں کی بہتری اور مزید مشینوں کو لانے کے لیے سنجیدگی سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ تجاوزات مافیا کے خلاف اقدامات اپنی جگہ مگر انسانی زندگیوں کو بچانا اہم ترین مسئلہ ہے جس پر انہیں سنجیدگی سے نوٹس لینا ہوگا.
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب،وزیر صحت پنجاب،سیکرٹری صحت پنجاب سمیت حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ نشتر ہسپتال میں ڈائیلسز مشینوں کو فعال کرنے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر سینکڑوں مریض روزانہ کی بنیاد پر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔