اسلام آباد: پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی آڈٹ میں اسلام آباد ایئرپورٹ بڑے اور ملتان ائرپورٹ علاقائی مراکز میں سرفہرست رہا۔ آڈٹ میں ائرپورٹس کی درجہ بندی مسافروں کو سہولیات سمیت دیگر سروسز کی فراہمی کے حوالے سے کی گئی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آڈٹ 2024 میں کراچی اور لاہور سے آگے رہا جبکہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ علاقائی مراکز پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ میں بہترین ایئرپورٹ قرار پایا۔
آڈٹ میں مسافروں کو سہولیات، ٹرمینل کی صفائی، اور ایئر سائیڈ پر سیفٹی معیار کو بنیادی طور پر پرکھا گیا۔معائنہ میں ایئرپورٹ لائٹنگ سسٹمز، لفٹوں، لگج، بیگیج ہینڈلنگ سسٹم کی کارکردگی کو بھی شامل کیا گیا۔
ہیڈکوارٹرز آڈٹ میں سیکیورٹی پروٹوکول کی پیروی اور ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروسز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آڈٹ میں شاندار آپریشنل کارکردگی پر اسلام آباد اور ملتان ائیرپورٹس انتظامیہ کی تعریف کی گئی، اسلام آباد اور ملتان کے ایئرپورٹ مینیجرز کو مثالی خدمات پر تعریفی خطوط لکھے گئے۔