ملتان:جنوبی پنجاب اور ملتان بار کی تاریخ میں پہلی بار خاتون امیدوار صدر منتخب ہو گئیں، حامیوں کی جانب سے خاتون امیدوار کو کرسی پر بٹھا کر فضا میں بلند کر کے بھرپور جشن منایا گیا.
پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر حامد خان کے پروفیشنل گروپ کے رہنماؤں محمود اشرف خان، خالد اشرف خان، ممبر پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں بلال بٹ، رانا مقصود افضل، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں حبیب اللہ شاکر، نشید عارف گوندل، ایس جی ایل گروپ کی حمایت یافتہ سیدہ بشریٰ نقوی نے بھاری ووٹوں سے میدان مار لیا، اور پاکستان کی تیسری بڑی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی صدر منتخب ہو گئیں.
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی صدر کی نشست پر نتائج کے مطابق بشری نقوی 1282 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائی جبکہ مدمقابل صدارتی امیدوار چوہدری محمد افضل جٹ 973 ووٹ حاصل کر سکے، نائب صدر کی نشست پر نعیم ارائیں 919 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے، جبکہ مدمقابل صادق انصاری نے 444 ، شیخ شعیب امجد نے 440 اور ارشد گجر نے 426 ووٹ حاصل کئے،جنرل سیکرٹری کی نشست پر ملک سعادت حسین 1170 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پر مدمقابل افضل شاہد سخت مقابلے کے باوجود 1110 ووٹ حاصل کر سکے، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر نگینہ مظفر ہراج 1356 ووٹ حاصل کر کے کامیاب جبکہ مدمقابل نورین اشرف 861 ووٹ حاصل کر سکیں، فنانس سیکرٹری کی نشست پر رؤف ملیزئی 1551 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ مدمقابل محمد علی 654 ووٹ حاصل کر سکے،لائبریری سیکرٹری کی نشست پر عمارہ طاہر بلوچ 849 ووٹ حاصل کر کے کامیاب جبکہ مدمقابل میاں خالد بھٹی نے 684 ، رانا فیصل اظہر نے 373 اور فرحان احمد قریشی نے 335 ووٹ حاصل کئے، آڈیٹر کی نشست پر مہر جہانزیب سیال 1132 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ مدمقابل حبیب الرحمان قریشی نے 1108 ووٹ لئے.
مجلس عاملہ کی دس نشستوں پر اعجاز احمد انصاری،جاوید اقبال ملک، چوہدری محمد شان سہو، سید محمد ذوالفقار بخاری، سید ندیم الدین قریشی ہاشمی، عدیل احمد خالد ،محمد احسن بھٹی، محمد مدثر حسن، ملک منیر احمد اور میاں بشیر احمد مجلس عاملہ پر پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب قرار دیئے جا چکے ہیں.
سیدہ بشریٰ نقوی نے کہا ہے کہ بار سے کرپشن کا خاتمہ انکی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خواتین اور نوجوان وکلاء کے بہت سے مسائل ہیں جو حل کرنا ان کا عزم ہے۔نوجوانوں کے لیے سکالرشپ اور خواتین کے لیے بہترین ماحول کی دستیابی بھی یقینی بنائیں گی۔ وکلاء کا پارکنگ پلازہ ابھی چھوٹا ہے اسے مزید بڑھانا ہے جبکہ نئے جوڈیشل ٹاور کی تکمیل کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے رابطہ کیا جائے گا ۔وکلاء اور کالے کوٹ کے تقدس کے لیے ہر مثبت قدم اٹھائیں گی ۔ بار اور بینچ کو ساتھ لے کر چلیں گی تاکہ عوام تک سستا انصاف فراہم ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الیکشن میں اپنی کامیابی کے فوری بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بار کے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ حاصل کیا جائے ۔ کالے کوٹ کی تقدس پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ڈسٹرکٹ بار اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔بزرگ وکلاء کے لئے پنشن کا انتظام کریں گے ۔
نو منتخب جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ملتان ملک سعادت حسین نے کہا کہ خواتین وکلاء کے مسائل بہت سے ہیں ۔ ان کے مسائل کو حل کرایا جائے گا ۔ کچہری کی توسیح ہو رہی ہے اس منصوبے پر کام کی سست روی کو تیز رفتاری میں تبدیل کرایا جائے گا ۔ ضلع کچہری میں سکیورٹی کے مسائل موجود ہیں سیکیورٹی مسائل پر قابو پایا جائے گا.
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل پُرامن انداز میں مکمل ہوا۔ ووٹرز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 772 تھی جبکہ مجموعی طور پر2286 وکلاء نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اس طرح ٹرن آؤٹ60.6 فیصد رہا ۔


