ایبٹ آباد: شدید برفباری اور بارش کے باعث ایبٹ آباد کے گلیات اور آزاد کشمیر کے کئی اضلاع میں تعلیمی اداروں کو کل بروز منگل بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی چھت ایک بار پھر ٹپک پڑی۔ائیرپورٹ انتظامیہ نے لاؤنج میں ٹپکتی چھت کے نیچے بالٹیاں رکھ دیں ہیں۔انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک آرائیول لاؤنج میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے کہ جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں اب تک 60 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہےکہ نشیبی علاقوں میں ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں، نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
ایبٹ آباد میں گلیات کے 6 یونین کونسلز کے اسکولوں کو کل کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر برفباری کے پیش نظر تین دن کی چھٹیوں کی تجویز دی ۔
گلیات میں مسلسل برفباری سے مین سڑکیں بند ہو گئی ہیں جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کو صاف کرنے کا کام جاری ہے لیکن فی الحال طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی موسم کی شدت نے صورتحال کو مشکل بنا دیا ہے۔پونچھ ڈویژن کے کمشنر سردار وحید نے بتایا کہ چار اضلاع میں کل تمام سکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔اسی طرح مظفرآباد ڈویژن کے کمشنر مسعود الرحمن نے کہا کہ ضلع نیلم کے تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ وادی نیلم اور وادی لیپہ کا سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ شدید بارش اور برفباری نے حالات کو خطرناک بنا دیا ہے۔
مری میں مسلسل اور شدید برفباری کے باعث انتظامیہ نے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔حکام کے مطابق سترہ میل ٹول پلازہ سے مری ایکسپریس وے کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ سڑکوں پر شدید پھسلن کے باعث آمدورفت خطرناک ہو گئی ہے اور محکمہ ہائی وے کی مشینری تمام رابطہ شاہراہوں کو صاف کرنے میں دن رات مصروف ہے۔حکام کے مطابق برفباری سے پیدا ہونے والی پھسلن سے بچنے کے لیے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔
تاہم موسم کی شدت کے پیش نظر فی الحال سیاحوں کو مری آنے سے روک دیا گیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک سفر سے گریز کریں۔
مری میں برفباری سے جہاں قدرتی حسن میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں کی بندش اور پھسلن نے انتظامیہ کے لیے چیلنجز بھی بڑھا دیے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کے بعد ہی سیاحوں کے داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
ہزارہ ڈویژن کے بالائی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہے،کاغان، ناران، نتھیاگلی، سرکل بکوٹ، ٹھنڈیانی، ایوبیہ، گلیات میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ضلع ایبٹ آباد کے بالائی علاقوں سرکل بکوٹ کا ایبٹ آباد سے رابطہ مکمل ختم ہو چکا ہے اورعوام براستہ آذاد کشمیر ایبٹ آباد آنے پر مجبور ہیں.
نتھیاگلی، بکوٹ روڈ، ٹھنڈیانی، پٹن، پلہیر روڈ، خیرا گلی، ریالہ ملکوٹ روڈ، سمیت گلیات بھر کی تمام رابطہ سڑکیں برف سے بند گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو کی مشینری اور اہلکار ایمرجنسی ڈیوٹی کرکے سڑکوں کی بحالی کررہےہیں.
ان علاقوں میں شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں،مکش پوری، میرن جانی، ٹھنڈیانی ٹاپ، ایوبیہ گلیات میں چھ انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے،مری ایبٹ اباد سمیت تمام رابطہ سڑکیں نتھیا گلی بکوٹ روڈ،چھانگلہ گلی، تجوال روڈ، کوزہ گلی، خانس پور ،روڈ بند ہو گئی ہیں.