پاکستان نے گرین فنڈ تک رسائی کیلئے فرانس سے مدد مانگ لی ہے.الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز (ای وی سی ایس)کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کے اعلان کے ایک روز بعد پاکستان نے ’گرین فنڈ‘ تک رسائی کے لیے فرانس سے مدد طلب کی ہے، تاکہ روایتی چھوٹی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پرمنتقل کیا جا سکے۔جس کے نتیجے میں صاف ستھرے ماحول اور تیل کی درآمدات میں بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے فرانس کے سفیر نکولس گیلی کے ساتھ پاکستان میں چھوٹی گاڑیوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی تجویز پر باضابطہ تبادلہ خیال کیاگیا۔حکومت کا اندازہ ہے کہ تقریباً 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سے موٹر سائیکلوں، تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کو فوسل فیول سے الیکٹرک انجن میں تبدیل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔صرف ایک کروڑ موٹر سائیکلوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سالانہ تقریباً 6 ارب ڈالر مالیت کا پٹرول درآمد کیا جاتا ہے۔