وزیر آباد: پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقے وزیر آباد میں بروقت طبی امداد نہیں ملنے پر خاتون کے 3 نومولود بچے دم توڑ گئے۔
وزیر آباد میں سیلاب کی و جہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے، سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوبی ہونے کی وجہ سے آمدو رفت میں بھی شدید خلل آیا ہوا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق سیلابی پانی کے باعث بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق بچوں میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔اس موقع پر متاثرہ خاتون نے کہا کہ مقامی ہسپتال سیلابی پانی سے گھرا ہوا تھا، اگر بروقت طبی امداد ملتی تو بچے بچ سکتے تھے۔
یاد رہے کہ خاتون نے 28 اگست کو نالہ پھلکو کے قریب گاڑی میں بچوں کو جنم دیا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ فیملی کی اطلاع پرریسکیو ٹیم پہنچی جب تک بچوں کی پیدائش ہوچکی تھی، ماں اوربچوں کی حالت ٹھیک تھی، ماں نےاسپتال جانے سے انکار کردیا تھا۔
دوسری جانب وزیر آباد میں ہی بیٹے کو بچانے کے لیے سیلابی ریلے میں کودنے والی ماں جاں بحق ہوگئی۔
دریائے چناب کا سیلابی ریلا جہاں سےگزرا تباہی کے نشانات چھوڑ گیا، وزیر آباد سوہدرہ میں بیٹےکو بچانے کی کوشش کرتی ماں خود سیلابی ریلے کی نذر ہوگئی۔بیٹے کو بچانےکے لیے ماں سیلابی ریلے میں کودگئی تاہم گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔
خاتون کے بچے ماں کے غم میں بے حال ہیں۔ سیلابی ریلے میں ڈوبنے سے جاں بحق خاتون کے بیٹے کاکہنا ہےکہ وہ پھسل کر سیلابی ریلے میں گرا تو والدہ اسے بچانے کے لیے بے دھڑک پانی میں کود گئیں اور خود کو سنبھال نہ سکیں۔