WhatsApp Image 2025 02 18 at 06.13.03

جامعہ سندھ میں پراجیکٹس کی نمائش اور جاب فیئر کا انعقاد

حیدرآباد:جامعہ سندھ (ایس یو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کھوکھربٹی نے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے آخری سال کے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ تحقیق اور مسئلہ حل کرنے والے منصوبوں پر گہری توجہ اور دلچسپی کے ساتھ کام کریں تاکہ وہ اس وسیع میدان میں کامیاب ہو سکیں۔

فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کے تیار کردہ 200 منصوبوں پر مشتمل نمائش کا افتتاح کرتے ہوئےوائس چانسلر کا کہنا تھا کہ آئی ٹی، الیکٹرانکس، ٹیلی کمیونیکیشن اور سافٹ ویئر انجینئرنگ سے وابستہ نوجوان حقیقی معنوں میں وہ لوگ ہیں جو دنیا کو بدلنے اور ان شعبوں میں انقلاب لانے والے ہیں۔

اسی دوران مختلف کمپنیوں، صنعتوں اور کاروباری افراد کی جانب سے ایک جاب فیئر کا بھی انعقاد کیا گیا، جہاں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق، آئی ٹی، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ کے آخری سال کے طلبہ نے اپنے مقالہ جات کے تحت تیار کیے گئے مختلف منصوبے نمائش کے لیے پیش کیے، جن میں جنریٹیو اے آئی پر مبنی ڈاکٹر ایپ، آکشن بیسڈ اسٹور، اے آئی پاورڈ سی وی مینجمنٹ سسٹم، نورز کلیکشن ایپ، لفٹ اپ اے آئی، آئیڈیاز کی نقل کو روکنے والا ایف وائی پی مینجمنٹ سسٹم، اے آئی بیسڈ کنٹینٹ جنریٹر، "شادی دوبارہ”— طلاق یافتہ اور بیوہ افراد کے لیے اے آئی پر مبنی پروفائل میچنگ میٹرومونیل پورٹل، موسم کی پیش گوئی اور الرٹ سسٹم، ایکسیٹ اپ، فوری سروس سلوشن ویب سائٹ، آن لائن ایونٹ بکنگ اور مینجمنٹ سسٹم، لوکل جاب پورٹل، فصلوں کی نگرانی کے لیے ایپ، قانونی معاونت فراہم کرنے والا پلیٹ فارم اور دیگر شامل تھے۔

وائس چانسلر نے نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

طلبہ نے انہیں اپنے اپنے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، اس دوران وائس چانسلر نے مختلف سوالات کیے اور ان منصوبوں کو بین الاقوامی معیار اور ضروریات کے مطابق بنانے کے لیے مفید تجاویز بھی دیں۔

انہوں نے جاب فیئر کے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا، جہاں نوجوانوں کے لیے مختلف کمپنیوں، صنعتوں اور سافٹ ویئر ہاؤسز میں ملازمت کے مواقع دستیاب تھے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبد الستار شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جریکو، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حمد اللہ کاکپوٹو، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر لچھمن داس دھومجا، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ سینٹر آف آئی ٹی پروفیسر ڈاکٹر کامران تاج پٹھان، ڈاکٹر عرفانہ ملاح، ڈاکٹر تانیہ مشتاق، ڈاکٹر رضا شاہ، ڈاکٹر نیاز احمد بھٹو، ڈاکٹر محمد علی نظامانی، انجینئر عمیر علی، انجینئر عبد الوہاب کھوکھر، کنٹرولر سالانہ امتحانات شاہد حسین لاریک، ڈاکٹر آصف علی جمالی اور دیگر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں