لاہور: پنجاب حکومت نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو ڈسپلن میں لانے کے لیے یونیفارم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر فورس کو سول کپڑوں میں کارروائیاں کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، لیکن نوسربازی، فراڈ اور اختیارات سے تجاوز کی مبینہ شکایات کے بعد وردی پہننے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام نے پنجاب حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ سی سی ڈی کے اہلکاروں کے لیے آسمانی نیلے رنگ کی شرٹ اور گہرے رنگ کی پتلون پر مشتمل یونیفارم تیار کیا جائے۔
تاہم، حتمی رنگ اور ڈیزائن حکومت کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ منظوری ملنے کے بعد صوبے بھر میں سی سی ڈی اہلکار باوردی ہوکر کارروائیاں کریں گے، جس سے ڈسپلن کو یقینی بنانے اور شفافیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ قبل ازیںسی سی ڈی کی کاروائیوںکو تحفظ دینے کے لئے مزید قانون سازی کی تجویز بھی دی گئی تھی.
اس طرح کچے کے علاقے میں آپریشن کیلئے بھی سی سی ڈی کی جانب سے 2 ارب 59 کروڑ روپے اخراجات کے لئے مانگے تھے.