supreem court

عدالت میں بیوی کو قتل کرنے والے مجرم کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے گجرات کی عدالت میں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کردی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ خاتون انصاف لینے عدالت گئی تھی،وہاں اسے قتل کرنا دہشت گردی ہی ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مجرم معاف علی کی اپیل پر سماعت کی۔

وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ ان کے مؤکل کےخلاف دہشتگردی کی دفعات لگانا درست نہیں، بیوی کے قتل پر دہشت گردی دفعات کیسے لگائی جاسکتی ہیں؟ ۔

پراسیکیوٹر پنجاب عابد مجید نے کہا کہ دہشت گردی دفعات سے متعلق سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے موجود ہیں۔مجرم نے بھری عدالت میں بیوی کو قتل کر کے خوف و ہراس پھیلایا۔

سپریم کورٹ نے مجرم کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ مجرم معاف علی کسی رعایت کا حقدار نہیں۔

خیال رہے کہ مجرم نے 2014ء میں تنسیخ نکاح کا دعوی کرنے والی بیوی نعیمہ بی بی کو عدالت کے اندر قتل کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں