Untitled 2025 11 21T085135.321

فیصل آباد کو پاکستان کا پہلا "ریبیز فری سٹی” بنانے کا عزم

فیصل آباد:کمشنر راجہ جہانگیر انور نے پنجاب حکومت کی ڈاگ پاپولیشن کنٹرول پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے فیصل آباد کو 2026ء کے اختتام تک طاہرہ انیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا "ریبیز فری سٹی” بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

طاہرہ انیمل ویلفیئر فاونڈیشن کے دورے کے دوران کمشنر فیصل آباد نے ادارے کے قیام کے 5 سال پورے ہونے پر کیک بھی کاٹا۔
Untitled 2025 11 21T090019.426
کمشنر نے گفتگو میں‌مزید کہا کہ انسانوں میں کتوں کے کاٹنے سے ہونے والی باؤلے پن (ریبیز) کی بیماری سے بچاؤ کے لئے طاہرہ انیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے آوارہ کتوں کی آبادی کم کرنے کے لئے جاری نس بندی اور ویکسینیشن پروگرام کو حکومت کے تعاون سے مزید وسعت دی جائے گی۔

کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد کو "ریبیز فری سٹی” بنانے کے بعد یہ ماڈل دیگر شہروں میں بھی اپنایا جا سکے گا۔اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ بلا کر ٹائم لائن طے کی جائے گی۔

قبل ازیں طاہرہ انیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن طاہرہ رسول نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پانچ سال قبل کرائے پر جگہ لے کر "ریبیز فری فیصل آباد” مہم شروع کی تھی، جس کے تحت ابتک 8401 کتوں کی ویکسی نیشن اور 6753 کی نس بندی کے آپریشن کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 13 ہزار 781 بیمار، لاوارث اور حادثات کا شکار جانوروں کو ریسکیو کرکے علاج اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کام کو مزید وسیع پیمانے پر کرنے کے لئے ادارے کی جانب سے اپنے ملکیتی ڈیڑھ ایکڑ رقبے پر جانوروں کی مستقل پناہ گاہ اور ویٹرنری ہسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جو دسمبر 2025ء کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔
Untitled 2025 11 21T090208.638
بعدازاں کمشنر راجہ جہانگیر انور نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے تحریر کیا کہ "ایسے کام کو دیکھ کر حیران ہوں جو نہ صرف بڑے پیمانے پر معاشرے کی مدد کر رہا ہے بلکہ اگلے درجے کی انسانیت کی بھی مدد کر رہا ہے۔ آپ کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

طاہرہ رسول نے انہیں 2026 کے اختتام تک فیصل آباد کو "ریبیز فری سٹی” بنانے کا عزم دہراتے ہوئے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں