399302 7596843 updates

موسمیاتی تبدیلی سنگین مسئلہ، لیکن حکومت کچھوے کی چال چل رہی: جسٹس مندوخیل

اسلام آباد: موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی چیئرمین اور ارکان کی تعیناتی میں سست روی پر عدالت برہم

دوسری جانب وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کےلئے اہم مسئلہ ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانا ہمارے لئے اصل چیلنج ہے۔

سپریم کورٹ میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام سے متعلق کیس میں جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سنگین مسئلہ ہے اور حکومت کو چیتے کی رفتار سےچلنا چاہیے لیکن وہ کچھوے کی چال چل رہی ہے۔

سپریم کورٹ میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نےکی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ ہے، حکومت کو چیتے کی رفتار سےچلنا چاہیے لیکن وہ کچھوے کی چال چل رہی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کا ایسا دنگ کردینے والا اثر جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ چیئرمین کی تعیناتی کے لیے تیسری مرتبہ اشتہار دیا گیا ہے، اس پر جسٹس مندوخیل نے سوال کیا پہلے 2 مرتبہ اشتہار دینے کا فائدہ کیوں نہیں ہوا ؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا شارٹ لسٹ 3 ناموں میں سے پہلے نمبر والے امیدوار کی دہری شہریت نکلی، حکومتی پالیسی ہے اعلیٰ عہدے پر دوہری شہریت والاشخص نہیں لگایا جائےگا۔

جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے جس اعلیٰ معیار کا بندہ آپ ڈھونڈ رہے ہیں اس کے لیے کچھ تو کمپرومائز کرنا پڑے گا، اصل مسئلہ صوبوں کا ہے وہاں اتھارٹی کام کیسے کرے گی؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا صوبوں سے اتھارٹی کے ممبران تعینات ہوچکے ہیں، جسٹس مندوخیل نے کہا صوبوں میں ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے سربراہ کیسے لگتے سب کوعلم ہے۔

جسٹس امین الدین نے کہا کے پی سے فیصل امین کو ممبرموسمیاتی تبدیلی نامزد کیا گیا جو وزیراعلیٰ کے بھائی ہیں، بلوچستان سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ممبر بنایا گیا ہے، جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے بلوچستان کے رکن کو جانتا ہوں ان کی اس شعبہ میں کوئی مہارت نہیں ہے، پنجاب اور سندھ سے بیوروکریٹس کو ممبر نامزد کیا گیا ہے، ایڈیشنل اٹارانی جنرل نے کہا صوبوں کو رابطہ کریں گے کہ ٹیکنوکریٹس کو نامزد کیا جائے۔

جسٹس مندوخیل نے سوال کیا کیا موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے رولز بن گئے ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیارولز کا مسودہ تیار ہے منظوری کے لیے وزارت قانون کوبھیجا جائے گا، جسٹس مندوخیل نے کہا 2017 میں قانون بنا اب تک نہ چیئرمین مقرر ہوا نہ رولز بن سکے۔

دوران سماعت سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے عدالت کو بتایا کہ پچھلی مرتبہ 752 درخواستیں آئی تھیں، جن 3 ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ان میں باقی دو ناموں پر غور کیوں نہیں ہوا، بیرون ملک مقیم افرادبھی درخواستیں دیتے ہیں۔

اس موقع پر وکیل درخواست گزار میاں سمیع نے کہا کہ خالصتاً پاکستانی ماہر کا ملنا مشکل نظر آ رہا ہے، 2017 سے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی غیر فعال ہے۔

بعد ازاں آئینی بینچ نے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

دریں‌اثناء عالمی یومِ گلیشیئرز پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کا تعاون چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ترقیاتی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں 3,000 سے زائد گلیشیائی جھیلیں ہیں، جن میں سے 33 انتہائی خطرناک ہیں جب کہ 70 لاکھ سے زائد افراد گلیشیائی جھیلوں کے ممکنہ پھٹنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سمیت موسمیاتی آفات کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔ پاکستان گلیشیئر پروٹیکشن اینڈ ریزیلینسی اسٹریٹیجی عوامی جائزے کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی فوری ضرورت ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں 2022ء کے تباہ کن سیلاب اور بڑھتی آلودگی خطرے سے بہت نقصان ہوا۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ قومی سطح پر موسمیاتی حکمت عملی کا فریم ورک موجود ہے مگر اس پر عملدرآمد بڑا چیلنج ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں