نمائندگان: ضلعی عدالت راولپنڈی نے 13 سالہ لڑکےکے اغواء، زیادتی اور قتل میں ملو ث مجرم کو سزائے موت سنادی۔ ضلعی عدالت کی جج افشاں اعجاز صوفی نے 13 سالہ لڑکے سے زیادتی، اغوا اور قتل کے کیس کا فیصلہ سنایا۔
سیشن عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 3 بارموت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی ہے۔
مجرم نے سال 2023 میں 13 سالہ لڑکے کو اغوا کے بعد زیادتی کرکے چھری کے وار سے قتل کیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ دھمیال میں درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب قصور میں 5 سال کی بچی کو اغواء کے بعد قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ قصور کے قصبے اولکھ صدر پھول نگر میں پیش آیا جہاں سے5 سال کی بچی کی لاش ملی ہے۔پولیس کا بتانا ہےکہ 5 سالہ فاطمہ گزشتہ روز اپنے گھر سے چیز لینے گئی تھی اور پھر واپس نہ آئی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ بچی کے گھر واپس نہ آنے پر اس کی تلاش کی گئی اور دوران تلاش بچی کی لاش ایک ویران حویلی سے ملی جسے قتل کرنے کے بعد وہاں دفنا دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نامعلوم ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔