نمائندگان:وہاڑی میں ایڈووکیٹ ذیشان ڈھڈی کو گھر میں فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمہ میںسابق ایس ایچ او ماچھیوال سمیت 6 افسران اور 6 کانسٹیبلوں کےخلاف مقدمہ درج ہو گیا.
ایف آئی اے ملتان نے تقریباً 3 مہینے انکوائری کرنے کےبعد قتل کی نامزد ایف آئی آر 9/2026 درج کر لی.
اس بارے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر محمد اظہر خان مغل،جنرل سیکرٹری صفدر سرسانہ سیال،نائب صدر حافظ شعیب قریشی ،فنانس سیکرٹری حنفیہ عباس بخاری، ممبران ایگزیکٹو بلال ابرار ارائیں،سید حسنین گیلانی،نادرہ نور نےوہاڑی بار کے رکن ذیشان شبیر ڈھڈی ایڈووکیٹ کے قتل کے سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا.
انہوںنے کہا کہ آج اللہ تعالی نے ہمیں نہ صرف ذیشان شبیر ڈھڈی ان کے اہل خانہ اور وکلاء کے سامنے سرخرو کیا آج قاتلوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہونا اور ملزمان کی گرفتاری ہونا وکلاء کی جیت ہے اور آج خوشی کا دن ہے کہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے ہم نے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ساتھ مل کر اس کے خلاف تحریک چلائی جس کی کامیابی پرہم ممبران پنجاب بار کونسل،ایگزیکٹیو کمیٹی ہائیکورٹ بار ملتان،جنوبی پنجاب کی تما م ڈسٹرکٹ و تحصیل بارز اور وکلاء کا ساتھ دینے پر مشکور ہیں.
وکلاء عہدیداروں نے مزید کہا کہ وکلاء کے اتحادنے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ زندہ ہیں،وکلاء زندہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ذیشان شبیر ڈھڈی ایڈووکیٹ کے قاتل پھانسی کے پھندے پر لٹکیں گے، ہم نے ہر طرح اور ہر سطح پر دباؤ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملزمان کو پھانسی ہونے تک پہرا دیں گے.
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے شہری نعمان قیصر کی سی سی ڈی کی حراست کیخلاف کیس میں ڈی آئی جی لیگل پنجاب کو 27 فروری ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا-
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ نے آصف معراج کی درخواست پر سماعت کی، سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین کے افسران عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے رمضان ڈھڈی ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر دلائل دیے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار دیا کہ سی سی ڈی نے ملزم نعمان قیصر کو 30 نومبر 2025 کے پولیس مقابلے کے وقوعہ میں شامل کر کے نام پی این آئی لسٹ میں شامل کروا دیا تھا، جبکہ ملزم نعمان قیصر 24 اپریل 2025سے جنوری 2026 تک جیل میں قید تھا۔
سی سی ڈی کے وکیل نے بتایا کہ ملزم نعمان قیصر کی منڈی بہاؤالدین کے مقدمہ میں گرفتاری درکار نہیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اگر ملزم کی گرفتاری درکار نہیں تو اس مقدمہ کی بنیاد پر نام پی این آئی ایل لسٹ میں کیوں ڈالا؟ اس سوال پر سی سی ڈی افسران عدالت کو جواب سے مطمئن نہیں کر سکے۔
تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین پولیس نے ایک پولیس مقابلے کے مقدمے میں ملزم کو گرفتار کیا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس مقابلہ منڈی بہاؤالدین میں ہوا تھا اس میں کوئی پولیس والا زخمی یا فائرنگ سے کوئی ملزم ہلاک ہوا تھا، پولیس مقابلے میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا تھا تاہم ایک ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ سی سی ڈی والوں کو بتاؤ جس درخواست میں رپورٹ دیتے ہیں اس پر تاریخ ضرور لکھا کریں، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈی آئی جی لیگل پنجاب کو 27 فروری ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نعمان قیصر کا نام پی این آئی ایل لسٹ نکلوانے کی درخواست کی، پی این آئی ایل لسٹ میں نعمان قیصر کو منڈی بہاؤالدین کے پولیس مقابلے میں شامل کیا گیا، جب پولیس مقابلہ ہوا تب نعمان قیصر جیل میں تھا، عدالت ملزم نعمان قیصر کا نام خارج کرنے کا حکم دے۔
