409272 9494487 updates

بلوچستان: 6 ماہ میں دہشتگردی کے 501 واقعات میں 257 افراد جاں بحق

کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے یکم جنوری سے 30 جون تک صوبے میں دہشت گردی واقعات پراعدادوشمار جاری کردیئے۔

بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے یکم جنوری سے 30 جون تک ششماہی اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں تیزی رہی اور دہشت گردی کے واقعات میں 45 فیصد جبکہ سیٹلرز کی ٹارگٹ کلنگ میں 100فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران دہشت گردی کے 501 واقعات میں 133 اہلکاروں سمیت 257 افراد جاں بحق جبکہ 238 اہلکاروں سمیت 492 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال غیر مقامی افراد پر 14 حملے ہوئے جن میں 52 افراد جان سے گئے جبکہ 11 زخمی ہوئے، بم، دستی بم،آئی ای ڈی، بارودی سرنگ دھماکوں اور راکٹ فائر کے مجموعی طور پر 81 واقعات رونما ہوئے جن میں 26افرادجاں بحق اور 112 افراد زخمی ہوئے۔

گزشتہ 6 ماہ کے دوران عام شہریوں پر حملے کے 39 واقعات میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 29 زخمی ہوئے، اسی عرصے کے دوران ٹرین پر دو حملوں میں 29 افراد جاں بحق ہوئے۔

اس کے علاوہ پولیو ورکرز پر ہونے والے ایک حملے میں ایک ورکر جان سے گیا جبکہ موبائل فون ٹاورز پر حملے کے 9 واقعات میں دو افراد زخمی ہوئے۔

پنجاب سے حجام، موٹر مکینک، مزدور کے طور پر جانے والے کئی افراد کو ان کی دکانوں‌اور رہائش گاہوں میں‌ قتل کر دیا گیا، جبکہ کئی مسافروں کو پنجاب آتے بسوں‌سے اتار کر شناخت کرنے کے بعد قتل کیا گیا.

اپنا تبصرہ لکھیں