Untitled 2025 05 31T131607.865

تمباکو صنعتوں کی نوجوانوں کو دھوکہ دہی سے بچاؤ‌ کی آگاہی ضروری ہے؛ کینسر سوسائٹی ملتان

ملتان: عالمی ادارہ صحت WHO ہر سال 31 مئی کو ترکِ تمباکو کا عالمی دن مناتا ہے یہ دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے. کینسر سوسائٹی ملتان پچھلے 30 سالوں سے اس دن کو مناتی آ رہی ہے، ہمارا مقصد لوگوں کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور تمباکو کے استعمال کو ترک کرنے کی ترغیب دینا ہے، ہمارا حدف خاص طور پر اپنے بچوں اور نوجوانوں کو اس بُری عادت میں مبتلا ہونے سے بچانا ہے۔

تمباکو نوشی ہمارے معاشرے کی بہت بڑی لعنت ہے۔ سگریٹ، سگار، حقہ، بیڑی، پائپ، شیشہ، پان، چھالیہ، گٹکا اور نسوار یہ وہ بدترین چیزیں ہیں جو انسان کو موت کے قریب لے جاتی ہیں۔ ان سب کے مضر اثرات کے متعلق لوگوں میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے.

کینسر سوسائٹی ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر بقا جیلانی مسعود کا مزید کہنا ہے کہ اس سال یوم ترکِ تمباکو نوشی 2025 کی تھیم ہے؛
"Unmasking the Appeal: Exposing Industry Tactics on Tobacco and Nicotine Products” یعنی "دھوکے کو بے نقاب کرنا: تمباکو اور نکوٹین مصنوعات پر صنعتی حربوں کو بے نقاب کرنا”

یہ تھیم تمباکو اور نکوٹین کی صنعتوں کی طرف سے استعمال کنندگان، خاص طور پر نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے استعمال کی جانے والی دھوکہ دہی والی مارکیٹنگ اور مصنوعات کی ڈیزائننگ کی حکمت عملیوں پر مرکوز ہے۔

یہ صنعتیں اور کمپنیاں دھوکہ دہی سے اپنی مصنوعات میں مختلف ذائقے اور خوشبوعات شامل کر کے ان کی پُر کشش پیکنگ کرتی ہے، پِھر پرنٹ میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا میں اسے گلیمرائزڈ کرکے انہیں دلکش انداز میں دِکھایا جاتا ہے اور لوگوں کو ورغلانے کی پوری کوشش کی جاتی ہے۔ ہمیں اپنے لوگوں کو خاص کر اپنے نوجوانوں کو اس پُرفریب شکاری مارکیٹنگ سے بچانا ہے۔

کینسر سوسائٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تمباکو 80 لاکھ سے زائد لوگوں کی اموات کا سبب بنتا ہے. پاکستان میں ہر سال تمباکو نوشی کی وبا سے ایک لاکھ 66 ہزار اموات ہوتی ہیں، ان میں 31 ہزار بے چارے ایسے افراد ہیں جو دوسروں کی تمباکو نوشی کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
ہمارے ملک میں تقریباً 32 فیصد نوجوان اور 8 فیصد خواتین سگریٹ پیتی ہیں، اگر اس میں پان، گٹکا، نسوار اور شیشہ وغیرہ شامل کر لیا جائے تو ہماری 54 فیصد عوام اس لَت میں گرفتار ہے۔ ای۔سگریٹ اور نکوٹین پاؤچ جیسی مصنوعات کا استعمال بھی نوجوانوں میں بڑھ رہا ہے، اس کے تدارک کے لیۓ بھی فوری کاروائی کی ضرورت ہے۔

تمباکو نوشی انسانی جسم کے ہر عضو کو نقصان پہنچاتی ہے۔ تمباکو اپنے استعمال کرنے والوں میں سے تقریباً 50 فیصد تک کو ہلاک کردیتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق 1 سگریٹ انسانی زندگی کے 8 منٹ کم کر دیتا ہے اور تمباکو نوش اپنی اوسط عمر سے 15 سال پہلے ہی مر جاتا ہے یا بِلآخر مر مر کے جیتا ہے، کسی بھی شکل میں تمباکو کا استعمال جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے، کینسر ان میں سرِ فہرست ہے۔

تمباکونوشی سے ہونے والے کینسرز انسان کے اپنے ایجاد کردہ ہیں، تمباکو نوشی منہ، گلے اور پھیپھڑوں کے کینسرز کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ خوراک کی نالی کا کینسر، چھاتی کا کینسر، معدے اور آنتوں کا کینسر، جگر کا کینسر، لبلبے کا کینسر، گردوں اور مثانے کا کینسر، ان سب کے پیدا یونے کی ایک بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے۔ ہارٹ اٹیک، دمہ، دل دماغ اور دیگر نفسیاتی بیماریاں، ہڈیوں کا کمزور ہونا، چہرے اور جلد کی جُھریاں پڑنا، نظر کا کمزور ہونا اور دانتوں کے خراب ہوجانے کا سبب بھی تمباکو نوشی ہے۔

تمباکو نوشی کرنے والوں میں زیابیطس یعنی شوگر ہونے کا خطرہ 30 سے 40 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔تمباکو کا دھواں بچوں کی صحت کو شدید متاثر کرتا ہے، ان میں دمہ، سائنس انفیکشن، برونکائیٹس اور دماغی کمزوری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تمباکو نوشی انسانیت کے لیۓ ایک بڑا خطرہ ہے۔ہمارے پرنٹ میڈیا، ٹی وی، کیبل، شوبز، شوشل میڈیا، طلبا، اساتذہ کرام، ہمارے ڈاکٹرز اور بزنس کمیونٹی کو چاہئیے کہ، وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور تمباکو نوشی کی روک تھام میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔

ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ تعلیمی نصاب میں تمباکو نوشی کے نقصانات کے حوالے سے مضامین بھی شامل کۓ جائیں اور تمباکو کی مصنوعات کی تشہیر پر بھی مکمل پابندی ہونی چاہیے، ان چیزوں پر زیادہ سے زیادہ ٹیکس لگا کر انھیں اتنا مہنگا کر دیں کہ یہ عام آدمی کی دسترس میں ہی نہ رہے۔ حکومت ممنوع تمباکو نوشی کے قوانین پر سختی سے عمل کراۓ اور خلاف ورزی کرنے پر سخت سزائیں بھی دلواۓ۔

تمباکو نوشی ایک سنگین غلطی ہے جو آپ کی جان لے سکتی ہے تمباکو کا اصل چہرہ موت اور ہولناکی ہے۔سگریٹ کے ایک سرے پر آگ، دوسرے پر احمق اور درمیان میں تھوڑا سا تمباکو ہوتا ہے۔تمباکو کو اپنی زندگی سے ختم کر دیں، جتنی جلدی کریں گے اتنا ہی بہتر ہوگا۔ اگر آپ تمباکو نوشی بند نہیں کرتے تو آپ کا کینسر اسے روک دے گا۔ تمباکو نوشی کے خلاف جنگ ہی دراصل کینسر کے خلاف جنگ ہے۔

ہر تمباکو نوش کو یہ سوچنا ہے کہ یہ عادت نہ صرف اس کی ذات کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ اس کی ساتھ رہنے والے بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں لہٰزہ اسے چاہیۓ ایک مضبوط ارادے کے ساتھ فوری طور پر تمباکو نوشی کو ترک کردے یا کسی اپنے پیارے سے، رہبر سے یا اپنے معالج سےمدد لے کر تمباکو نوشی کو مرحلہ وار ترک کرکے اس لت سے چھٹکارا حاصل کرلے، اور ہم سب کو بھی چاہیئے کہ اس کی اخلاقی مدد کریں اور تمباکو نوشی ترک کرنے پر اس کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کریں۔

تمباکو نوشی چھوڑنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے کبھی شروع ہی نہ کریں۔آئیے تمباکو سے پاک رہ کر ہم ایک اچھی مثال پیدا کریں اور اپنے ہر دن کو تمباکو سے پاک دن بنا لیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں