نمائندگان: پی ڈی ایم اے نے 9 اور 10 محرم کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 5 جولائی سے شدید بارشوں کے امکانات ہیں لہٰذا محرم کے جلوسوں کی انتظامیہ حفاظتی تدابیر اختیار کرے۔ترجمان نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ اختیار کیا جائے، خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل سے گریز کیا جائے، دریاؤں اور ندی نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کیا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ، ریسکیو ادارے 9 اور 10 محرم کو خاص طور پر الرٹ رہیں ، ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات نےگلگت بلتستان اورخیبر پختونخوا میں گلاف اوردریائےکابل سمیت پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کے خدشے کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سےجاری کیےگئےالرٹ کےمطابق چھ جولائی سے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں دریاؤں سے ملحقہ علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،الرٹ کےمطابق سات جولائی سے دریائے کابل سمیت ملک بھر کےمختلف دریاؤں کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوگا جس سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
بارشوں کے باعث ڈی جی خان کےپہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اورمشرقی بلوچستان اور شمالی پنجاب کے شہری علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے،محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں موجود گلیشیائی جھیلوں کےپھٹنے کا الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔بڑھتےدرجہ حرارت اور شمالی علاقوں میں بنتی موسمی صورتحال کےباعث گلگت بلتستان اورخیبرپختو نخوا میں برفانی جھیلیں پھٹنے کے امکانات بڑھ گئے۔۔زائد درجہ حرارت سے گلشئیر پگھلنےکی رفتار میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
رواں اورآئندہ ہفتے برفانی جھیلیں پھٹنے سے ان کے ملحقہ وادیوں میں سیلاب کا خدشہ ہے،محکمہ موسمیات نے تمام ریسکیو اداروں کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پری مون سون بارشوں کے باعث ڈیم بھرنے لگے، قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 15 روز کے دوران 35 لاکھ 60 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوگیا۔
حالیہ بارشوں کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں، ڈیمز بھرنے لگے، قابل استعمال پانی کا ذخیرہ بڑھ گیا۔رپورٹ کے مطابق 15 دن میں قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 35 لاکھ 60 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوگیا، قابل استعمال پانی کا ذخیر 73 لاکھ 71 ہزار ایکڑ فٹ پر آگیا۔
حکام کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 66 فٹ بلند ہونے کے بعد 1520 فٹ پر آگئی، منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 4 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوا جو 30 لاکھ 19 ہزار ایکڑ فٹ پر پہنچ گیا۔رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1168 فٹ ہے، 1242 فٹ پر منگلا ڈیم مکمل بھر جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چشمہ بیراج میں بھی پانی کی سطح 6 فٹ بلند ہوگئی، پانی کی موجودہ سطح 648 فٹ ہے، چشمہ بیراج میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ایک فٹ رہ گئی ہے، چشمہ میں اس وقت قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 63 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔