لاہور: ہائیکورٹ کی جانب سے شروع کی گئی ایک داخلی انکوائری میں ججز ریسٹ ہاؤس، جی او آر-1 کے چار ملازمین اور سروسز سٹاف کے ارکان کو ‘ممنوعہ’ کراکری استعمال کرنے پر معمولی سزا یعنی ‘سرزنش’ کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ان میں سے ایک مسیحی ویٹر کو ‘بدتمیزی’ کے ایک اور الزام پر ملازمت سے برخاستگی کا حتمی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق یہ الزامات 3 دسمبر 2024ء کے ایک واقعے سے متعلق ہیں، جہاں ملزم سٹاف کو ریسٹ ہاؤس کے سویٹ نمبر 6 میں دوپہر کا کھانا کھاتے ہوئے ‘معزز ججوں’ کے لیے مخصوص کراکری استعمال کرتے ہوئے پایا گیا، باوجود اس کے کہ انہیں پہلے بھی تنبیہ کی گئی تھی۔
انکوائری میں نامزد سٹاف ارکان میں سموئیل سندھو (بیئرر/ویٹر)، فیصل حیات (ڈسٹنگ قلی)، شہزاد مسیح (خاکروب)، اور محمد عمران (کاؤنٹر سٹاف) شامل ہیں۔
اپنے دفاع میں، اہلکاروں نے کہا کہ وہ گن مینوں اور ججوں کے ڈرائیوروں کے لیے مخصوص پلیٹوں میں کھانا کھا رہے تھے۔ ملازم سموئیل سندھو نے اپنے سینئرز کے ساتھ بدتمیزی کے الزام کی بھی تردید کی۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق، ویٹر سموئیل سندھو نے معاملے پر سامنا ہونے پر اپنے سینئرز کے ساتھ نامناسب اور بے عزتی والا رویہ بھی اختیار کیا۔انکوائری افسر، ایڈیشنل رجسٹرار (امتحانات)، عثمان علی اعوان نے سموئیل سندھو کو بدتمیزی کا قصوروار پایا اور ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز کے رول 23 (6) کے تحت ‘ملازمت سے برخاستگی’ کی بڑی سزا کی سفارش کی۔
انکوائری میںدیگر ملزم سٹاف ارکان نے کراکری استعمال کرنے کا اعتراف کیا اور انہیں ‘سرزنش’ کی معمولی سزا کی سفارش کی گئی، سموئیل سندھو کا مبینہ جارحانہ رویہ اور بدزبانی کو برخاستگی کے لیے کافی سمجھا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گواہوں کی گواہیوں اور ویڈیو فوٹیج سمیت شواہد نے اس کے خلاف الزامات کی تائید کی۔11 جولائی کو جاری کردہ حتمی نوٹس میں سموئیل سندھو کو جواب دینے اور اپنا دفاع پیش کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے اور اس کی ناکامی کی صورت میں یہ فرض کر لیا جائے گا کہ اس کے پاس کوئی دفاع پیش کرنے کے لیے نہیں ہے، جس کے نتیجے میں تجویز کردہ بڑی سزا عائد کی جائے گی۔ رپورٹ میں سندھو کے خلاف بدتمیزی کے الزامات کی تائید کے لیے گواہوں کے بیانات اور ویڈیو شواہد کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔