ڈی جی خان: انتظامیہ نے لورالائی میں قتل کیے جانے والے 9 مسافروں کی لاشیں وصول کرلیں۔بیٹوں کے انتظار میں رکھی شوہر کی میت کے بعد دو بیٹوں کی لاشیںوصول کرنے والی ماں نے حوصلے کی نئی مثال قائم کر دی.
شہریوںنے ماںکو پھول پیش کئے تو تین میتیںتدفین کے لئے گھر میںموجود ہونے کے باوجود ماں نے پاکستان کے لئے ترانہ پڑھ کر نیا جوش پیدا کردیا. شہریوںنے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے.
بیٹوں کی ماںنے کہا کہ میرے بیٹؤںنے پنجاب کی لاج رکھ لی ہے.
کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد کے مطابق جاں بحق 9 افراد کی لاشیں بلوچستان پنجاب سرحدپر وصول کرلی گئی ہیں جہاں سرحدی علاقے بواٹہ پر میتیں پولیٹیکل اسسٹنٹ اسد چانڈیہ نے وصول کیں جس کے بعد میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق قتل کیے جانے والے تمام 9 مسافروں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ 2 بھائی جابر اور عثمان کا تعلق لودھراں کی تحصیل دنیاپو رسے تھا، محمد عرفان کا تعلق ڈی جی خان، صابر گوجرانوالہ،محمد آصف مظفرگڑھ اور غلام سعید کا تعلق خانیوال سے تھا۔ اس کے علاوہ محمد جنید کا تعلق لاہور، محمد بلال کا اٹک اور بلاول کا تعلق گجرات سے تھا۔
قتل ہونے والوں کی میتیںگھروں کو پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور لواحقین بین ڈال کر روتے رہے، جبکہ ہر آنکھ اشکبار رہی.
واضح رہےکہ 10 اور 11 جولائی کی درمیانی شب فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نےکوئٹہ سے لاہور جانیوالی مسافر بس سے 9 مسافروں کو اغواء کرکے قتل کردیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق قلات، مستونگ اور لورالائی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے حملے کیے، لورالائی کے قریب بعض مسافروں کے اغواء کی اطلاع موصول ہوئی۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم کے مطابق دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا۔ مسافروں کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے شہید کیا، شہید کئے جانے والے تمام مسافروں کو تعلق پنجاب سے ہے، شہید کئے جانے والوں میں 2 بھائی بھی شامل ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب کے مطابق شہید مسافروں کی میتوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، دہشت گرد تاریکی میں فرار ہوگئے ان کا تعاقب تاحال جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے متاثرہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔