اسلام آباد: رواں سال موسم سرما کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی اور خشک سردی رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہ نومبر آدھا گذرنے کے باوجود موسم سرما کی آمد کے آثار دکھائی نہیںدے رہے اور اس سرما میں بارشوں کا کوئی خاص امکان نہیں ہے. جبکہ پنجاب کے میدانی علاقے آئندہ ہفتوں میں سموگ اور خراب فضائی معیارکی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس بار موسمِ سرما میں بارشیں کم اور ہوا خشک رہے گی۔ پہاڑوں پر برفباری بھی معمول سے کم ہونے امکان ہے جبکہ میدانی علاقے بھی بارش کی بوند بوند کو ترسیں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فارکاسٹنگ فاروق ڈار کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں ہمیں بارش دیتی ہیں مگر فی الحال ان کی آمد کا کوئی سلسلہ دکھائی نہیں دے رہا۔ موسم خشک رہے گا اور میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت کچھ زیادہ محسوس ہوگا۔
موسم خشک رہے گا تو ایئر کوالٹی متاثر ہوگی، خشک سردی کے ساتھ پنجاب کے میدانی علاقے سموگ کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ہے۔ نومبر اور دسمبر میں فضائی آلودگی بڑھنے سے حدِ نگاہ متاثر اور صحت کے مسائل میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال سردیاں خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت بھی نسبتاً زیادہ رہے گا۔
خیال رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کے موسم کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے اور راتوںکے موسم میںقدرے تبدیلی کے باوجود دن کا موسم تاحال قدرے گرم چل رہا ہے.