ویب نیوز: فیس بک میں اب ریلز ویڈیوز زیادہ نظر آئیں گی۔درحقیقت فیس بک کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ آپ کو ایسی ریلز دیکھنے میں مدد فراہم کی جائے جس میں آپ کو دلچسپی ہوگی۔
اس مقصد کے لیے دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے الگورتھم کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے جس میں نئے مواد کو ترجیح دی جائے گی۔اب فیس بک میں ماضی کے مقابلے میں اسکرولنگ کے دوران 50 فیصد زیادہ ریلز دکھائی جائیں گی جبکہ نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سرچ ٹولز بھی فیس بک کا حصہ بنائے جا رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اب وہ اپنی بنیاد کی جانب سے واپس لوٹ رہی ہے اور آپ کو اپنے دوستوں اور خاندان سے جڑنے میں سہولت فراہم کرے گی۔فیس بک کے پراڈکٹ شعبے کے نائب صدر جگجیت چاؤلہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ صارفین کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ ان کی فیڈ میں نئی ویڈیوز کو زیادہ دکھایا جائے۔
فیس بک کی اپنی اندرونی ٹیسٹنگ کے دوران دریافت ہوا کہ نئے مواد کو زیادہ ترجیح دینے سے صارفین دوبارہ ایپ میں واپس آتے ہیں۔فیس بک استعمال کرنے والے ویڈیوز زیادہ دیکھتے ہیں اور ایک سال کے دوران ویڈیو واچ ٹائم میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔فیس بک ریلز میں اے آئی پر مبنی سرچ سجیشنز کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے، جس کے تحت صارف کی دلچسپیوں کو مدنظر رکھ کر مواد تجویز کیا جائے گا۔
فیس بک ریلز میں انسٹا گرام سے ملتے جلتے فرینڈز ببلز کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے، یعنی دوستوں کی پروفائل تصاویر پوسٹس کے بائیں کونے میں تیرتی نظر آئیں گی۔جب بھی آپ کسی پروفائل تصویر پر کلک کریں گے تو ان سے چیٹ کرسکیں گے۔یہ فیچر فیس بک ریلز کو دیکھنے والے صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا جن کو ابھی دوستوں کی ویڈیوز کی ریلز فیڈ دستیاب نہیں۔
جگجیت چاؤلہ نے بتایا کہ اے آئی سے تیار کردہ مواد کے ساتھ بھی انسانوں کی جانب سے تیار کردہ مواد جیسا سلوک کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ یعنی اگر کوئی صارف اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز یا مواد میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے تو فیس بک الگورتھم وقت کے ساتھ اس موضوع اور مواد کے بارے میں ریکومینڈیشنز کا تعین کرے گا۔اے آئی سے تیار کردہ یا ایڈٹ کیا گیا مواد اب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں عام ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ اے آئی فوٹو اور ویڈیوز جنریشن ماڈلز ہیں۔
جگجیت چاؤلہ نے بتایا کہ الگورتھم بنیادی طور پر صارف کے نقطہ نظر کو اہمیت دیتا ہے، یعنی اگر آپ مخصوص مواد کو لائیک، کمنٹ یا شیئر کرتے ہیں تو اس سے ملتا جلتا مواد زیادہ نظر آنے لگتا ہے۔اس کے مقابلے میں اگر آپ کسی ویڈیو یا فوٹو کے نیچے موجود ناٹ انٹرسٹڈ بٹن پر کلک کرتے ہیں تو اس طرح کا مواد فیڈ پر کم نظر آتا ہے۔
فیس بک میں کئی گئی تبدیلیوں سے صارفین جلد مستفید ہوںگے، جس کے بعد اس کے بارے صارفین کی آراء سامنے آئیں گی.