نمائندگان:صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کے 9 ویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے 29 اگست سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات ،اٹک ،چکوال ،جہلم، گوجرانوالا، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاہے کہ پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پر برقرار ہے، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، ہیڈمرالہ کےمقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 97 ہزار،اخراج 3 لاکھ 90 ہزار کیوسک ہے ۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہناتھا کہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں واضح کمی ہوئی، ہیڈخانکی کے مقام پر انتہائی خطرناک اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، خانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ10 لاکھ 43 ہزار کیوسک ہے، قادر آباد کے مقام پر انتہائی خطرناک اونچے درجے کا سیلاب ہے، قادرآباد میں پانی کا بہاؤ 10 لاکھ 77 ہزار کیوسک ہے.
دریائے راوی میں جسر کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے ،جسر کے مقام پر پانی کا بہاؤ1لاکھ 95 ہزار کیوسک ہے، شاہدرہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ، پانی کا بہاؤ 84 ہزار کیوسک ہے۔
بلوکی ہیڈورکس پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال اور پانی کی آمد 90 ہزار کیوسک اور اخراج 78 ہزار کیوسک ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی خطر ناک اونچے درجے کا سیلاب ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاو 1 لاکھ 8 ہزار کیوسک ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے ، پی ڈی ایم اے صوبے بھر میں مسلسل کوآرڈینیشن کو یقینی بنا رہا ہے ، تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید کا کہناتھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ ریسکیو و ریلیف ادارے ہائی الرٹ رہیں، کوتاہی کی گنجائش نہیں۔