pdma alert

خیبرپختونخوا میں 22 ، پنجاب میں‌23 اگست سے مزید بارشوں کی پیشگوئی، ہائی الرٹ

نمائندگان: ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 22 سے 26 اگست تک صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید مون سون بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور طغیانی کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے مقامی ندی نالوں، برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضروری احتیاطی اقدامات کریں، نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنائیں اور مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو بروقت آگاہی فراہم کریں۔

پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں اور مال مویشی پالنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں جبکہ سیاحوں کو خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ملک اور بالخصوص پنجاب میں 23 اگست سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے ۔
rain and storm
محکمہ موسمیات کے مطابق 23 سے 27 اگست کے دوران ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، 27 سے 29 اگست تک سندھ اور مشرقی/جنوبی بلوچستان میں شدید بارشوں کی توقع ہے ، 23 سے 27 اگست تک آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں بارش متوقع ہے ۔

خیبرپختونخوا میں 23 سے 26 اگست تک مختلف مقامات پر بارش ، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 23 سے 27 اگست کے دوران بارشوں کا امکان ہے ۔ 23 سے 26 اگست کے دوران سندھ کے چند مقامات ، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے ۔

بارشوں سے مختلف شہروں میں سیلاب اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ، وسطی پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں