نمائندگان: جڑواں شہروں میں بھائی نے اپنی 2 سگی بہنوں اور باپ کوجائیداد کے تنازعہ پر تیز دھار آلے سے قتل کر دیا جبکہ تین ماہ کے بھانجے کو بھی زخمی کیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترامڑی میں ملزم محمد علی نے اپنے والد محمود حسین اور بہن شبنم کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا، جس کے بعدیہ شخص اڈیالہ روڈ راولپنڈی گیا جہاں اس نے اپنی دوسری بہن کو بھی اسی طرح قتل کیا جبکہ تین ماہ کے بھانجے کو زخمی کردیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آج صبح کے وقت پیش آیا تاہم کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے جائیداد کے تنازعہ پر اپنے باپ اور بہنوں کو قتل کیا ہے اور اسے اپنے عمل پر کوئی شرمندگی نہیں ہے ۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر لعل کو موٹر سائیکل سواروں نے لیاری ایکسپریس وے پر نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت ڈاکٹر لعل کے نام سے ہوئی ہے، مقتول ڈاکٹر اپنی گاڑی میں لیاری ایکسپریس وے پر جارہے تھے کہ عقب سے آنیوالے موٹر سائیکل سوار 2 ملزموں نے گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔