نمائندگان: سندھ کے ضلع خیرپور میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کےمطابق گمبٹ کی رضاکالونی میں گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی.
ابتدائی تفتیش کے مطابق پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر اینٹوِں کے ذریعےتشدد کیا گیا،جس میں خاتون جان کی بازی ہار گئی،مقتولہ کے شوہر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر کی حالت بہتر ہونے پر بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقہ لیاری میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق لیاری میں مرزا آدم خان روڈ پر واقع کوئلہ گودام کے ایک گھر میں فائرنگ سے 45 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی، خاتون کی شناخت بختاور کے نام سے ہوئی جو 7 بچوں کی ماں تھی۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بختاور کو اس کے شوہر نواب نے فائرنگ کرکے قتل کیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم نواب کو گرفتار کرلیا اور واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ ہے، ملزم نواب اپنی بیوی پر موبائل فون پر بات کرنے کے حوالے سے شک کرتا تھا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بات فائرنگ تک جا پہنچی۔