aresst

حمل ضائع ہونے پر بچے کے اغواء اور دہشت گردی کے مقدمات میں 2 خواتین گرفتار

نمائندگان: لاہور میں خاتون نے حمل ضائع ہونے کے بعد کمسن بچہ اغواء کر لیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ خاتون کا 6 ماہ کا حمل ضائع ہوگیا۔ یہ خبر بیرون ملک مقیم اپنے شوہر تک پہنچنے سے روکنے کے لئے خاتون نے اپنی ملازمہ کو لالچ دیکر بچے کے اغواءکا منصوبہ بنا لیا۔

ملزمان نے ہنجروال کی ایک غریب فیملی کا انتخاب کیا اور انکے گھر کے قریب دودھ کی سبیل لگائی اور بڑی چالاکی سے ننھے بچے کو اٹھاکر لے گئے۔

پولیس کو جائے وقوع سے 3 کلومیٹر دور ایک کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغواء کاروں کی جھلک نظرآئی تو ملزمہ کی شناخت ہوگئی۔ واردات کی ماسٹر مائنڈ سمیت 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں چار سال سے مفرور خاتون اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے چار سال قبل کچہری میں پیشی کے دوران اپنے ساتھیوں کو اسلحہ فراہم کر کے دو شہریوں کے قتل میں معاونت کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے ساتھیوں کی فائرنگ سے کچہری میں دو افراد قتل اور تین زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمہ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں