ویب نیوز: اگر آپ انسٹا گرام پر لائیو اسٹریمنگ کرنا پسند کرتے ہیں تو ایک بڑے دھچکے کے لیے تیار ہو جائیں، کیونکہ انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے لائیو سٹریمنگ کے حوالے سے ایک بڑی تبدیلی متعارف کرائی ہے اور اب صرف وہی صارفین اس فیچر کو استعمال کرسکیں گے جن کے کم از کم ایک ہزار فالوورز ہوں گے اور ان کا اکاؤنٹ پبلک ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہر صارف چاہے اس کے فالوورز ہوں یا نہ ہوں، لائیو سٹریمنگ کرسکتا تھا۔کمپنی نے کم فالوورز والے صارفین کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ ان کے اکاؤنٹس اب لائیو اسٹریمنگ کے اہل نہیں رہیں گے۔
نوٹس کے مطابق "ہم نے لائیو اسٹریمنگ فیچر کی اہلیت کو تبدیل کردیا ہے اور اب صرف ایک ہزار یا اس سے زائد فالوورز والے پبلک اکاؤنٹس ہی لائیو ویڈیوز بنا سکتے ہیں۔”کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ یہ کوئی بگ (bug) نہیں بلکہ ایسا کمپنی نے خود کیا ہے۔
انسٹاگرام نے واضح کیا کہ یہ کوئی تکنیکی خرابی نہیں بلکہ ایک دانستہ فیصلہ ہے جس کا مقصد لائیو اسٹریمنگ کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔تاہم، کم فالوورز والے صارفین اور پرائیویٹ اکاؤنٹس کے مالکان نے اس تبدیلی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پابندی بظاہر ٹک ٹاک سے متاثر دکھائی دیتی ہے جہاں بھی لائیو اسٹریمنگ کے لیے فالوورز کی ایک مخصوص تعداد ضروری ہے۔
اس کے مقابلے میں فیس بک پر 100 فالوورز اور یوٹیوب پر صرف 50 سبسکرائبرز والے اکاؤنٹس کو لائیو سٹریمنگ کی اجازت ہے۔