اسلام آباد: یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کیخلاف ملازمین نے مطالبات منظور نہیں ہونے پر 21 جولائی کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کیخلاف ملازمین نے بارش کے باوجود اسلام آباد میں ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
یونین عہدیداران کا کہنا تھا کہ 14 جولائی سے جاری قلم چھوڑ ہڑتال آج باقاعدہ احتجاج میں تبدیلی کی گئی ہے،مظاہرین نے کہا وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش نہیں کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ پارلیمان میں بھی بندش نہیں ہونے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
مظاہرین نے کہا یوٹیلیٹی سٹورز غریب عوام کو ریلیف دینے والا واحد ادارہ ہے،ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف فرنٹ لائن پر ہیں،وزیراعظم فوری طور پر بندش کے احکامات واپس لیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میںیوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کی جانب سے احتجاج جاری ہے. اس سے قبل ملتان میںبھی ملازمین کی جانب سے پریس کلب اور چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ کے باہر بھی احتجاج کیا گیا تھا.