Untitled 2025 07 03T202717.120

پاکستان کیلئے پہلا انٹرنیشنل گولڈ میڈل جیتنے والے 104 سالہ ریسلر انتقال کرگئے

لاہور: پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بابا دین محمد 104 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ترجمان سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ منیلا ایشین گیمز میں پاکستان کی طرف سے 1954ء میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بابا دین محمد انتقال کرگئے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ بابا دین محمد نے 1954ء میں ریسلنگ کے مقابلوں میں پاکستان کے لئے پہلا گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔تاہم بابا دین محمد کافی عرصے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

لاہور کے نواحی علاقے باٹا پور کے رہائشی دین محمد پہلوان نے پاکستان کی طرف سے منیلا میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور ٹائٹل جیتنے کے لیے فلپائن، بھارت اور جاپان کے پہلوانوں کو شکست دی تھی۔

دین محمد نے ایشین گیمز میں میڈل جیتنے کے علاوہ کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور کامن ویلتھ گیمز میں بھی برونز میڈل جیتا۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے بابا دین محمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ریسلر دین محمد کی ملک کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور انہوں نے ریسلنگ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں