نمائندگان: سوات میں کچے گھر کی چھت گرنے سے ماں بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
تحصیل کبل کے علاقے آوار پٹے میں ہدایت اللہ نامی شخص کےکچے مکان کی چھت گر گئی، حادثے میں ہدایت کی اہلیہ ،سات سالہ بیٹا اور بھتیجی ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کی لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں ایئرکنڈیشنر دھماکے سے پھٹنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے، واقعہ سالگرہ کی تقریب کے دوران پیش آیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے منور کالونی میں سالگرہ کی تقریب کے دوران ایئر کنڈیشنر دھماکے سے پھٹ گیا، واقعے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمیوں میں 2 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
لاہور کے علاقے غازی آباد میں گھر کے اندر دھماکے سے 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق لاہور کےعلاقے غازی آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہےجہاں گھرمیں زورداردھماکا ہوا ہے،جس کے نتیجے میں گھر کی چھت گرگئی،حادثے میں 2 بچوں سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں،جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے ملحقہ گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے،ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔