لاہور: پنجاب پولیس میں سوشل میڈیا کے شوقین اہلکاروں کےخلاف احکامات کے باوجود باز نہیںآنے پر سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئےسائبر پٹرولنگ یونٹ فعال کردیا گیا۔
پنجاب میں پولیس افسران و اہلکاروں کو یونیفارم پہن کر ویڈیو بنانے سے روکنے کیلئے سائبر پٹرولنگ یونٹ تشکیل دیدیا گیا ہے ۔ یونٹ پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، واٹس اپ سٹیٹس اور کمنٹس کی نگرانی کریگا۔
پنجاب پولیس کا کوئی بھی افسر یا اہلکار وردی پہن کر مزاحیہ یا قابل اعتراض ویڈیو بناتا پایا گیا تو محکمانہ کارروائی ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس وردی کی تضحیک کا باعث بننے والے اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ سائبر پٹرولنگ یونٹ کی نشاندہی پر قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق باوردی اہلکاروں کی سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید پر مشتمل مواد سامنے آنے پر مراسلہ بھی جاری کیا گیا لیکن اہلکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا کے منفی استعمال کا سلسلہ نہیں رک سکا۔
خٰیال رہے کہ پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو وردی میںسوشل میڈیا استعمال کرنے کے واضح احکامات کے باوجود متعدد مرد و خواتین افسران اور اہلکاروں کی جانب سے وردی میںسوشل میڈیا کا استعمال جاری رکھنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں.