کراچی: ٹک ٹاک ویڈیو دیکھ کر ملتان سے شہری سستا فریج لینے کراچی پہنچ گیا، بائیک رائیڈر "ملتانی پردیسی” کو سمندر کنارے لیجاکر کپڑے، چپل، موبائل فون اور چالیس ہزار روپے لیکر غائب ہوگیا، عمران نامی متاثرہ شخص ملتان سے کراچی پہنچا تھا۔
متاثرہ شخص نے کہا کہ کینٹ سٹیشن پر شیرشاہ کے لئے آن لائن بائیک بک کرائی، شیر شاہ مارکیٹ پہنچے تو مارکیٹ بند تھی، شیر شاہ سے کورنگی اپنے رشتہ دار کے گھر جانے کے لئے اسی بائیک رائیڈر سے کہا۔
متاثرہ شخص نے کہا کہ راستے میں کلفٹن سی ویو آیا تو سمندر دیکھنے کے لئے رک گیا، اور نہانے کےلئے سی ویو سمندر میں گیا، جہاں کپڑے گیلے ہونے پر اپنے قمیض ،چپل بائیک رائیڈر کو دیئے۔
اس نے مزید بتایا کہ سمندر میں گیا وہاں سے دیکھا تو بائیک رائیڈر غائب تھا، میرے قمیض کی جیب میں چالیس ہزار نقد ، موبائل فون شناختی کارڈ و دیگر اشیاء موجود تھیں۔
بائیک رائیڈر کے ہاتھوں لٹنے والا شہری بغیر قیمض اور ننگے پاؤں سی ویو چوکی پہنچا ، پولیس نے کہا کہ متاثرہ شہری کی درخواست وصول کرلی ہے، کارروائی جاری ہے۔