ملتان: ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے 13 سالہ سگی بیٹی سے جنسی زیادتی کے مقدمہ میں ملزم محمد فیصل کو عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔عدالت میںاستغاثہ کی جانب سے ٹھوس شواہد اور جدید تفتیشی طریقہ کے تحت جرم ثابت کیا گیا۔
پولیس کے مطابق سال 2023ء میں تھانہ بی زیڈ کے علاقے گلشن بشیر کالونی میں یہ واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم نے اپنی ہی کم سن بیٹی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس پر مقدمہ نمبر 1999/23 زیر دفعہ 376(iii) کے تحت درج کیا گیا.
جس میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے جدید طریقہ تفتیش اور شواہد کی بنیاد پر چالان تیار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے ملزم کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے سزا سنائی۔
فاضل عدالت نے ہدایت کی کہ اگر ملزم جرمانہ ادا نہیں کرے تو اسے 6 ماہ کی اضافی قید بھگتنا ہوگی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق یہ فیصلہ معاشرے میں بچوں کے خلاف جنسی جرائم کے مرتکب افراد کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ ایسے مجرموں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔