لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں پانی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت پانی کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (PMD)کے مطابق، یکم ستمبر 2024ء سے 15 جنوری 2025ء تک پنجاب میں معمول سے 42فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے پانی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا حکم دیا تھا، جس کے تحت کار واش اور سروس اسٹیشنز سمیت پانی کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔


یہ احکامات فوری طور پر نافذ ہوں گے اور اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ ان میں ترمیم یا واپسی کا حکم نہ دیا جائے۔ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔
یہ احکامات 13 فروری 2025ءکو جاری کیے گئے ہیں اور متعلقہ محکموں کو بروقت اطلاع اور ضروری کارروائی کے لیے بھیجے گئے ہیں۔