لاہور: پنجاب بار کونسل نے بار ایسوسی ایشنز کے فنڈز میںمالی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ڈگری کی تصدیق کے بناء لائسنس جاری نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
سیکرٹری پنجاب بار کونسل کی جانب سے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا.
اعلامیہ کے مطابق آج مورخہ 24 جنوری 2026 ء کو خواجہ قیصر بٹ، وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل، فخر حیات اعوان، چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کی سر براہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا.
اجلاس میں سمیرا حسین، ملک مقصود کھوکھر، ملک عدیل احسان، عباس علی چدھڑ، میاں آصف علی، رانا لیاقت علی خان، مظہر حسین جوئیہ اور محمد زاہد خان کھچی (ممبران پنجاب بار کونسل) نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ڈگری ویریفکیشن کے بغیر کسی بھی درخواست گزار کو پنجاب بار کونسل کی جانب سے لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس ضمن میں تمام درخواست گزاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ انیمیشن / INTIMATION آن لائن اپلائی کرنے کے بعد ایک ماہ کے اندر اپنی تمام تعلیمی اسناد بشمول ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب بار کونسل میں جمع کروانا لازم ہوگا۔ معینہ مدت کے اندر تعلیمی اسناد اور ایل ایل بی کی ڈگری جمع نہ کروانے کی صورت میں لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ پی ایل جے کی جانب سے جاری کردہ کتابوں کی مکمل تفصیلات اور ان کی بار ایسوسی ایشنز کی لائبریریوں میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور اس بابت تفصیلی رپورٹ پی ایل جے کمیٹی کو ارسال کی جائے۔
