federal cabine

27 ویں آئینی ترمیم؛ وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی، پی پی کی این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کی مخالفت

اسلام آباد: 27 ویں‌آئینی ترمیم کی منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جانی تھی۔کابینہ کی منظوری کے بغیر مسودہ پارلیمنٹ میں بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا 27ویں ترمیم پر حتمی فیصلے نہ آنے کے باعث اجلاس ری شیڈول کیا گیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس اب پیر یا منگل کو بلائے جانے کا امکان ہے۔وزیراعظم شہبازشریف آج غیرملکی سرکاری دورے پر روانہ ہورہے ہیں، وفاقی کابینہ کا اگلا اجلاس وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد ہی ہوگا۔ کابینہ کی منظوری کے بغیر مسودہ پارلیمنٹ میں بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

قبل ازیں حکومت نے اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر ستائیسویں ترمیم کا مجوزہ مسودہ فائنل کرلیا تھا۔ آج کابینہ سے منظوری دی جانی تھی۔ پیر یا منگل تک سینیٹ میں بل پیش کیےجانےکا امکان ہے۔ شہبازشریف نے پیپلزپارٹی کو تمام تحفظات دور کرنے کا یقین دلایا ۔ متحدہ کو بھی بلدیاتی بل شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیراعظم سے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت میں وفد کی ملاقات بھی ہوئی ۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر چوہدری سالک کی سربراہی میں ق لیگی وفد کو بھی اعتماد میں لیا۔
bilawal asif zardari 2
پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے ستائیسویں آئینی ترمیم کےلئے ایک کے سوا تمام نکات مسترد کردیئے، بلاول بھٹو زرداری نے سی ای سی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی اور صوبائی شیئر ختم کرنے کی تجویز کو پیپلزپارٹی مسترد کرتی ہے۔ کسی بھی صورت اس تجویز کی حمایت نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت میں تھا کہ آئینی عدالت ہونی چاہیے۔ آئینی عدالت پر رائے یہ ہے کہ چاروں صوبوں کی برابر نمائندگی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس بارےمیں فیصلے کےلئے سی ای سی کا اجلاس آج نماز جمعہ کے بعد دوبارہ ہوگا۔

پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج پھرہوگا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو صدارت کریں گے۔ اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیم پر مزید مشاورت ہوگی ۔ اجلاس میں 27ویں ترمیم پر حتمی رائے دیئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم کی شقوں پر غور کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، کمیٹی کی سربراہی فاروق ایچ نائیک کو سونپےجانے کا امکان ہے ، کمیٹی میں تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ لکھیں