نمائندگان: نواب شاہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ نواب شاہ کے علاقے کیریا موری کے قریب پیش آیا جہاں زمین کے تنازع پر 2 گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس دوران فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ مقتولین کی مخالف پارٹی کے 4 افراد جیل میں ہیں جن پر قتل کا مقدمہ ہے، مقتولین عدالت جارہے تھے کہ مخالفین نے فائرنگ کردی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتولین کا تعلق بھنگوار برادری سے ہے، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے جب کہ لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دوگروپوں کے درمیان فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ پنیالہ میں قریبی رشتہ داروں میں تنازع کے باعث پیش آیا، مرنے والوں کی شناخت نقیب اللہ، شفیع اللّہ، نجیب اللہ، جلال، نوید، جہانزیب کےنام سے ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک گروپ کے 5 افراد شامل ہیں، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔
کراچی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے بچی جاں بحق ہوگئی۔کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں شادی کی تقریب اچانک ماتم میں اس وقت بدلی جب ایک بچی فائرنگ کی زد میں آگئی۔
شادی میں باراتیوں کی جانب سے فائرنگ کی جارہی تھی جس دوران گولی ایک بچی کو لگی جو شدید زخمی ہوئی، بچی کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
واقعے کے اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے دُلہا اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔
پاکپتن میںخاور مانیکا کے بیٹے نے کام میں غفلت برتنے پر ملازم کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔ ڈی پی او پاکپتن جاوید اقبال چدھڑ کے مطابق ملزم موسیٰ مانیکا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ڈی پی او پاکپتن نے بتایا کہ ملزم موسیٰ مانیکا کی فائرنگ سے ملازم علی بہادر زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقال کیا گیا اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
راولپنڈی کے علاقہ روات میں غیرت کے نام پر پانچ بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر شوہر اور دو بیٹوں نے سر پر ڈنڈے مار کر قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی زاہد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے خاتون کے قتل میں ملوث شوہر اور دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے دو روز قبل خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گھر سے تین کلومیٹر دور ایک کھائی میں دفنا دی تھی،جسے ملزمان کی نشان دہی پر برآمد کرکے پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خاتون کو غیرت کے نام پر سر پر ڈنڈے مارے گئے،مقتولہ کی 30 سال قبل ملزم فضل مالک سے شادی ہوئی تھی جو دو بیٹوں اور تین بیٹیوں کی ماں تھی، ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔